صادق آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پولیس نے کچے کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں یرغمال کانسٹیبل کو رہا کرالیا۔
پولیس ترجمان نے کانسٹیبل احمد نواز کی بازیابی کی باضابطہ تصدیق کردی۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق ذرائع کاکہنا ہے کہ پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ ڈیل پر اہلکار کو رہائی ملی، مغوی اہلکار کے بدلے قتل کے مجرم جبار لولائی کو جیل سے رہا کیا گیا، جبار نے دو سال قبل نواز آباد کے قریب مہر شیخ کو قتل کیا تھا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ جبار کا تعلق اندھڑ گینگ سے ہے، اندھڑ گینگ نے جبار کی رہائی پر ایک دوسرے کو مبارک دی اور ہوائی فائرنگ بھی کی، پولیس کیخلاف کارروائی اور ساتھی کی رہائی پر شر گینگ نے بھی اپنے لیڈر راحب شر کو مبارکباد دی اور شدید ہوائی فائرنگ کی۔
واضح رہے کہ مغوی کانسٹیبل کی رہائی کیلئے پولیس ٹیم کل شام سے کچے میں تھی۔یاد رہے گزشتہ دنوں کچے کے علاقے ماچھکہ میں پولیس کی 2 گاڑیوں پر ڈاکوؤں کے حملے میں 12 اہلکار شہید ہوگئے تھے جبکہ ڈاکوؤں نے ایک پولیس کانسٹیبل احمد نواز کو اغوا کرلیا تھا۔