راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے کہاہے کہ برے وقت میں جو پارٹی چھوڑ گئے ان کیلئے کوئی جگہ نہیں، مجھے پتہ ہے برے وقت میں کون سے لوگ چھوڑ کر گئے،بہت کم لوگ ہیں جنہوں نے پارٹی کو مجبوری میں چھوڑا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جلسہ ملتوی کرنے پر کارکنان میں غصہ ہے، کارکنان برا بھلا کہہ رہے ہیں، پارٹی میں لڑائی ختم نہیں ہورہی،ان کاکہناتھا کہ ملک میں صوبائیت کا بہت بڑا خطرہ ہے،بلوچستان دہشتگردی پر پنجاب میں احتجاج کروایا گیا ،پی ٹی آئی ملک کی واحد جماعت ہے جو عوام کو متحد کرسکتی ہے،صرف سیاسی جماعتیں عوام کو اکٹھا کر سکتی ہیں، کوئی اور نہیں،ہماری کوشش ہونی چاہئے کہ بلوچوں کو ساتھ لیکر چلیں۔
بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ اس سال تاریخ کی سب سے کم سرمایہ کاری ملک میں آئی،آمدن نہیں، قرض بڑھ رہے ہیں، ملک تباہی کی جانب جارہا ہے،فراڈ الیکشن کی وجہ سے ہم سیاسی عدم استحکام کا شکار ہیں،خفیہ اداروں کو پی ٹی آئی ختم کرنے پر لگا دیا گیا ہے۔