ایڈنبرا (ڈیلی پاکستان آن لائن)آسٹریلیا نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں 155 رنز کا ہدف 9.4 اوورز میں حاصل کرکے کئی انٹرنیشنل ریکارڈز اپنے نام کرلیے۔
گزشتہ روز آسٹریلیا اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان ایڈنبرا کے گریج کلب کرکٹ گراؤنڈ میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ کھیلا گیا۔ آسٹریلیا نے با آسانی میزبانی ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کرلی۔ایڈنبرا میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر 154 رنز بنائے۔ اوپنر جارج مُنسے 28 اور میتھیو کراس 27 رنز بناکر نمایاں رہے۔
جواب میں آسٹریلیا نے میزبان ٹیم کے خلاف پاور پلے کے 6 اوورز میں 113 رنز بنا ڈالے، جو کہ کسی بھی ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاور پلے میں سب سے زیادہ رنز ہیں۔آسٹریلوی بلے باز ٹریوس ہیڈ نے صرف 25 گیندوں پر 80 رنز اسکور کیے، 12 چوکے اور 4 چھکے لگائے جبکہ مچل مارش نے 12 گیندوں پر 39 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل ہیں۔
ٹریوس ہیڈ نے آسٹریلیا کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 17 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر تیز ترین ففٹی کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ آسٹریلیا نے 155 رنز کا ہدف 3 وکٹ کے نقصان پر 9.4 اوورز میں حاصل کرکے 150 یا اس سے زائد رنز کا ہدف سب سے کم گیندوں پر پورا کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا۔