کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن )بلوچستان میں تیز رفتار کار الٹ جانے سے باپ بیٹی جاں بحق ہو گئے جب کہ 6 خواتین زخمی ہو گئیں، جن میں سے 2 کی حالت تشویش ناک ہے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ کی تحصیل مسلم باغ کے قریب تیز رفتاری کے باعث کار اُلٹ گئی، جس کے نتیجے میں باپ بیٹی جاں بحق ہو گئے جب کہ 6 خواتین زخمی ہو گئیں، جنہیں ٹراما سینٹر کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔
لیویز اور ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو نجی گاڑیوں کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے 2 کی حالت نازک ہے۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت معدنیات انسپکٹر جمعہ خان کے نام سے ہوئی ہے جو ژوب کا رہائشی ہے اور فیملی کے ساتھ کوئٹہ سے ژوب جا رہے تھے۔ جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔