ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کے معروف میوزک پروڈیوسر، گلوکار و ریپر یویو ہنی سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ طلاق کے بعد اُن کی صحت میں بہتری آئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہنی سنگھ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اپنی نجی زندگی اور طلاق کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ اہلیہ شالنی تلوار سے طلاق سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑا۔
ہنی سنگھ نے کہا کہ اہلیہ سے طلاق کے بعد میری زندگی کے بگڑے ہوئے تمام معاملات بہتر ہونا شروع ہوئے اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے تمام خراب چیزیں ٹھیک ہوگئیں۔
گلوکار نے کہا کہ طلاق سے پہلے، میری صحت خراب رہتی تھی لیکن اب میری دوائی بھی کم ہوگئی ہے اور صحت میں بھی بہتری آئی ہے بلکہ میرے اس فیصلے کے بعد مجھے یہ دُنیا بھی اچھی لگنے لگی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ بہت سالوں کے بعد اب دُنیا کو دیکھ رہا ہوں، میں اپنے فیصلے سے مطمئن اور بہت خوش ہوں۔
ہنی سنگھ نے مزید کہا کہ سابقہ اہلیہ اور میں نے طلاق کے وقت ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے جو ہمیں میڈیا کے سامنے ہماری علیحدگی پر بات کرنے سے روکتا ہے، اسی وجہ سے ہم اس پر کُھل کر بات نہیں کرتے۔
فرانسیسی فوج کا ساز و سامان لے جانے والا چارٹر کارگو طیارہ گر کر تباہ، ہلاکتیں
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق اگست 2021 میں ہنی سنگھ کی سابقہ اہلیہ شالنی تلوار نے اُن پر جسمانی اور ذہنی تشدد کا الزام لگاتے ہوئے گلوکار اور اُن کے خاندان کے خلاف قانونی جنگ لڑنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ہنی سنگھ نے سوشل میڈیا کے ذریعے شالنی تلوار کے الزامات کو جھوٹا قرار دیا تھا اور سال 2023 میں دونوں کے درمیان قانونی طور پر علیحدگی ہوگئی تھی۔