URDUINSIGHT.COM

نیب نے عمران خان کیخلاف نیا توشہ خانہ کیس احتساب عدالت سے واپس لے لیا

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) نیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف دائر نیا توشہ خانہ کیس احتساب عدالت سے واپس لے لیا۔

بانی پی ٹی آئی کے خلاف نئے توشہ خانہ ریفرنس میں درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ وکیل بانی پی ٹی آئی سلمان صفدر کا کہنا تھاکہ نیب ترامیم بحالی کے بعد نیا توشہ خانہ کیس بنتا ہی نہیں.

نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیئے کہ نیب ترامیم کی بحالی کے بعد نیا توشہ خانہ ریفرنس نیب کے دائرہ اختیار سے نکل چکا ہے۔

احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے سماعت میں3 گھنٹے کا وقفہ کیا اور بعدازاں نیا توشہ خانہ ریفرنس اسپیشل جج سینٹرل کو منتقل کرنے کا فیصلہ سنایا۔

احتساب عدالت نے حکم دیاکہ نئے توشہ خانہ کیس میں ضمانت کی درخواستیں متعلقہ عدالت ہی سنے گی، نئے توشہ خانہ کیس کی سماعت 10ستمبر کو متعلقہ عدالت کرے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں عمران خان نے نیب ترامیم پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دےکر 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں احتساب عدالت سے رعایت مانگ لی اور اپنی بریت کی درخواست دائر کی تھی۔

احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی درخواستِ بریت پر سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کی تھی۔

Facebook
Telegram
WhatsApp
Print

URDUINSIGHT.COM

خبروں اور حالات حاضرہ سے متعلق پاکستان کی سب سے زیادہ وزٹ کی جانے والی ویب سائٹ ہے۔ اس ویب سائٹ پر شائع شدہ تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔