برسلز (ڈیلی پاکستان آن لائن) جرمنی، فرانس اور برطانیہ نے روس کو بیلسٹک میزائل فراہم کرنے پر ایران کے لیے نئی پابندیوں کا اعلان کردیا۔
غیرملکی میڈیاکے مطابق جرمنی، فرانس اور برطانیہ نے ایران کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فضائی نقل و حمل سے متعلق نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ایران کے ساتھ دوطرفہ فضائی خدمات کے معاہدوں کو منسوخ کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں گے۔
ایران ایئر پر پابندیاں لگانے کے لیے بھی کام کریں گے،اس کے علاوہ ہم ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام اور روس کو بیلسٹک میزائلوں اور دیگر ہتھیاروں کی منتقلی میں ملوث اہم اداروں اور افراد کا بھی پیچھاکریں گے۔بیان میں مزید کہا گیاہے کہ یہ عمل ایران اور روس دونوں کی طرف سے یورپی سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ ہے۔
یوکرینی عوام کے لیے مزید مشکل پیدا کی جا رہی ہے۔ان ممالک نے یہ اقدام امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اس بیان کے بعد اٹھایا ہے جس میں انھوں نے بتایا تھا کہ ایران کی جانب سے روس کو بیلسٹک میزائلوں کی کھیپ موصول ہوئی ہے۔