ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارتی ادارے ہورون انڈیا نے بھارت کی امیر ترین شخصیات کی فہرست جاری کردی ہے جس میں شوبز انڈسٹری کے کئی فنکار بھی شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہورون انڈیا رچ لسٹ 2024 کے بعد انکشاف ہوا ہے کہ بھارت میں امیر ترین افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
ہورون انڈیا رچ لسٹ 2024 کے مطابق بھارت میں ایک ہزار 539 افراد ایسے ہیں جن کے پاس ہزار کروڑ سے زائد کے اثاثے ہیں جبکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال 220 مزید بھارتی شہری امیر ترین افراد کی فہرست میں شامل ہوئے ہیں۔
فہرست کے مطابق بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان بھارت کے سب سے امیر ترین اداکار ہیں جن کے کُل اثاثوں کی مالیت 7300 کروڑ بھارتی روپے ہے۔
دوسری جانب بھارت کی امیر ترین اداکارہ کا نام بھی سامنے آگیا ہے جس نے سب کو حیران کردیا ہے کیونکہ وہ اداکارہ نہ تو ایشوریا رائے بچن ہیں، نہ پریانکا چوپڑا ہیں، نہ دیپیکا پڈوکون ہیں، نہ عالیہ بھٹ اور نہ ہی کترینہ کیف ہیں بلکہ وہ ماضی کی مقبول بالی ووڈ اداکارہ ہیں۔یہ امیر ترین بھارتی اداکارہ جوہی چاولہ ہیں جو 4 ہزار 600 کروڑ بھارتی روپے کے اثاثوں کی مالک ہیں۔واضح رہے کہ جوہی چاولہ کے علاوہ کوئی دوسری بھارتی اداکارہ 1000 کروڑ کلب میں شامل نہیں ہے۔