اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر پیٹرولیم سینیٹر مصدق ملک نے انکشاف کیا ہے کہ ریاستی ادارے 6 ہزار ارب ڈالرز کا نقصان کرچکے ہیں۔
قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں مصدق ملک نے کہا کہ کاروبار کرنا ریاست کا کام نہیں ہے، سرمایہ کاری اور روزگار کےلیے مواقع پیدا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔خسارے کے شکار اداروں میں اصلاحات ضروری ہیں، 10 سال کے دوران سرکاری اداروں میں اربوں ڈالر کا نقصان ہوچکا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سرکاری اداروں کا خسارہ عوام کے ٹیکس سے پورا ہوتا ہے، ریاستی ادارے 6 ہزار ارب ڈالر کا نقصان کر چکے ہیں،ریاست کا مقصد لوگوں کو نوکریاں اور نوجوانوں کو موقع دینا ہے، نوجوانوں کے خواب پورے کرنے کےلیے ریاست کو راستہ دینا ہے۔
مصدق ملک نے یہ بھی کہا کہ اگر سارے ادارے ریاست کے ہوں تو تمام نوجوان کیا کریں گے، تمام نوجوانوں کو کاروبار کا موقع فراہم کرے، پرائیوٹ سیکٹر میں نوجوان کو موقع دیں۔