اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) آئینی اصلاحات پیکیج کیلئے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ انتہائی اہم ہوگئے، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور محسن نقوی نے رات گئے مولانا فضل الرحمان سے طویل ملاقات کی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے علاوہ پیپلزپارٹی کے وفد میں اعجاز جاکھرانی اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی شامل تھے، وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ملاقات کے دوران دوبارہ مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پہنچ گئے۔
ملاقات میں آئینی ترمیم سے متعلق مشاورت کی گئی، ملاقات کے بعد بلاول بھٹو وکٹری کا نشان بنا کر روانہ ہوئے۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو اور محسن نقوی کی جانب سے مولانا فضل الرحمان سے آئینی ترامیم کیلئے تعاون مانگا گیا جس پر سربراہ جے یو آئی نے سوچ بچار کا وقت مانگ لیا۔
جے یو آئی ف کے رہنما کامران مرتضیٰ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کچھ تجاویز آئی ہیں، تجاویز پر پارٹی کی شوریٰ اور مجلس عاملہ کے ارکان سے بھی مشاورت کی جائے گی، آئینی ترمیم آج اسمبلی میں آرہی ہے یا نہیں ہمیں معلوم نہیں۔
اس سے پہلے گزشتہ رات اعظم نذیر تارڑ کی قیادت میں حکومتی وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی تھی، مولانا فضل الرحمان نے آئینی ترامیم کیلئے اپنی تجاویز پیش کی تھیں۔
اس ملاقات کے بعد اعظم نذیر تارڑ اور وزیر داخلہ محسن نقوی وزیراعظم سے ملے اور مولانا سے بات چیت کی تفصیلات بتائیں۔