لاہور (ویب ڈیسک) سولر پینل نے لوگوں کی زندگیوں میں جہاں آسانی پیدا کی ہے وہیں اب ایک اور سولر پینل کی ایجاد ہوئی ہے جس نے صنعتی شعبوں میں انقلاب پیدا کر دیا۔

آج نیوز کے مطابق  گھروں میں عام طور پر روایتی مونوفیشل سولر پینل کی تنصیب کی جاتی ہے جن کی مانگ مارکیٹ میں زیادہ ہے مگر اب بائی فیشل سولر پینل مارکیٹ میں آہستہ آہستہ قدم جما رہے ہیں جس کی خاصیت یہ ہے کہ دونوں طرف سے توانائی پیدا کرتا ہے۔بائی فیشل سولر پینلز ایک جدید ایجاد ہے جو روایتی مونو فیشل پینلز کے مقابلے میں زیادہ کارکردگی اور تنوع پیش کرتے ہیں۔

 عام سولر پینل صرف اوپری حصے کی طرف سے بجلی پیدا کرتا ہے لیکن دو طرفہ سولر پینل سامنے اور پیچھے دونوں جانب سے بجلی بنانے کی صلاحیت سے لیس ہوتا ہے۔ اگر آپ ان خصوصی پینلز کو چمکدار سطح پر رکھتے ہیں جیسے سفید یا ہلکے رنگ کی چھت، تو اس سے 30 فیصد زیادہ بجلی پیدا کرنے کا امکان ہوتا ہے۔

بائی فیشل سولر پینلز اس طرح ڈیزائن کیے گئے ہیں جو سورج کی روشنی کو پینل کے اوپر اور نیچے دونوں طرف سے توانائی حاصل کرتے ہیں۔ روایتی سولر پینلز کے برعکس، جو صرف ایک طرف سے روشنی جذب کرتے ہیں، بائی فیشل پینلز میں ایک شفاف بیک شیٹ یا گلاس نصب ہوتا ہے جو روشنی کو گزرنے دیتا ہے اور اس کے عقب کے حصے سے جذب ہونے دیتا ہے۔