غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ فلوریڈا میں حملہ آور نے بائیڈن اور کملا کی بیان بازی پر یقین کیا اور حملہ کرنے آ گیا۔ سیکرٹ سروس نے شاندار کارکردگی دکھائی اور ملزم کو فائرنگ کرنے کا موقع نہ ملا۔
دوسری جانب فلوریڈا میں ڈونلڈ ٹرمپ پر حملہ کی کوشش کے مشتبہ ملزم کو فیڈرل کورٹ میں پیش کیا گیا۔ 58 سالہ ریان روتھ پر اسلحہ سے متعلقہ دو الزامات عائد کیے گئے، مزید الزامات بھی عائد کئے جا سکتے ہیں جس کے بعد حکام اب اسے تحویل میں رکھ سکیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز فلوریڈا میں ویسٹ پام بیچ میں واقع ٹرمپ کے گالف کلب کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، تاہم واقعے میں سابق صدر مکمل طور پر محفوظ رہے۔لیکن ان کی سیکیورٹی پر سوالیہ نشانات اٹھ رہے ہیں کہ کیسے ایک مسلح شخص ان کے اتنے قریب پہنچ گیا 13 جولائی کو پنسلوانیا میں بھی سابق امریکی صدر پر قاتلانہ حملہ ہو چکا ہے۔