ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بالی وڈ کی دو حسینائیں اور صفِ اول کی اداکارائیں ایشوریا رائے اور رانی مکھرجی کی کسی زمانے میں گہری دوستی ہوا کرتی تھی جو ختم ہوگئی لیکن اس کے پیچھے چھپی وجہ سے مداح لاعلم تھے۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق بھارتی میڈیا نے رانی مکھرجی کے پرانے انٹرویو پر ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں انہوں نے کافی ودِ کرن پروگرام میں کرن جوہر کے سوال پر ایشوریا سے تعلقات ختم ہونے کے سوال کا جواب دیا۔
اداکارہ نے سوال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ’میرے ایشوریا کے ساتھ کسی قسم کے نجی مسائل نہیں تھے، میرے کسی کے ساتھ کوئی مسئلے نہیں ہیں، شاید ایشوریا کو کوئی مسئلے ہوں کیونکہ اس نے مجھ سے فون پر بات کرنا بند کردی ہے’۔
رانی مکھرجی نے کہا کہ میں اس سے اب تک کسی تقریب میں بھی نہیں ملی لیکن میرا خیال ہے کہ جب ہم سامنے سے کہیں ملاقات کریں گے تو ہمارے درمیان سب ٹھیک ہوگا اور ایک دوسرے سے بات بھی کریں گے’۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2003 کی سپر ہٹ فلم چلتے چلتے میں ہیرو شاہ رخ خان کے ساتھ ایشوریا رائے کو کاسٹ کیا جانا تھا لیکن پھر رانی مکھرجی کو کاسٹ کرلیا گیا۔
فلم میں رانی کو لینے کی وجہ یہ تھی کہ چلتے چلتے کے سیٹ پر اس وقت ایشوریا رائے کے بوائے فرینڈ سلمان خان نے ایک ہنگامہ کھڑا کردیا تھا جس کے بعد پروڈیوسر شاہ رخ خان نے ایشوریا رائے کی جگہ رانی مکھرجی کو لینے کا سوچا۔
بعدازاں جب ایشوریا کو پتا چلا کہ ان کی جگہ رانی کو کاسٹ کرلیا گیا ہے تو انہیں لگا رانی مکھرجی نے انہیں دھوکا دیا ہے جس کے بعد دونوں میں سرد جنگ کا آغاز ہوگیا۔