ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بالی ووڈ کی کامیڈی ہارر فلم ‘استری 2′ نے باکس آفس پر میگا اسٹار شاہ رخ خان کی فلم ‘جوان’ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ہندی سینما میں تاریخ رقم کردی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سال 2023 میں ریلیز ہونے والی ہدایتکار ایٹلی کی فلم ‘جوان’ کے ہندی ورژن نے باکس آفس پر 584 کروڑ کا بزنس کیا تھا جبکہ گزشتہ ماہ 15 اگست کو ریلیز ہونے والی فلم ‘استری 2′ نے صرف 34 دن میں ہندی باکس آفس پر 586 کروڑ روپے کی کمائی کرلی ہے۔‘استری 2′ نے اپنی اس ریکارڈ توڑ کمائی سے جہاں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ‘جوان’ کو شکست دی ہے تو وہیں یہ فلم ہندی ورژن میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بھی بن گئی ہے۔
اس حوالے سے ‘استری 2′ کی پروڈکشن کمپنی نے تصدیق کی کہ شردھا کپور اور راجکمار راؤ کی یہ فلم بھارت میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندی فلم بن گئی ہے۔
دوسری جانب باکس آفس تجزیہ کار ترن آدرش نے دعویٰٰ کیا ہے کہ اس تاریخی کامیابی کے بعد، ‘استری 2′ کا اگلا ہدف 600 کروڑ کلب میں داخل ہونا ہے۔
واضح رہے کہ امر کوشک کی ہدایتکاری میں بننے والی ‘استری 2′ سال 2018 کی کامیاب فلم ‘استری’ کا سیکوئل ہے، اس فلم کی کاسٹ میں شردھا کپور اور راجکمار راؤ کے علاوہ، ابھیشیک بنرجی، اپارشکتی کھرانہ اور پنکج ترپاٹھی بھی شامل ہیں۔
15 اگست کو ریلیز ہونے والی فلم ‘استری 2′ کے صنف نیرین بھٹ ہیں جبکہ اس فلم میں ورون دھون اور اکشے کمار بھی کیمیو رولز میں نظر آئے۔