URDUINSIGHT.COM

سری لنکن بلے باز مینڈس نے سعود شکیل کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا

گال (ڈیلی پاکستان آن لائن)سری لنکا کے سٹار بیٹر کمیندو مینڈس نے ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت کے لیجنڈ کرکٹر سنیل گواسکر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پاکستان کے نوجوان بیٹر سعود شکیل کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا۔

سری لنکا کے شہر گال میں بدھ کو نیوزی لینڈ اور میزبان ٹیم کے درمیان دومیچوں کی ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ شروع ہوا اور سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔میزبان ٹیم کے ابتدائی بیٹرز نے بالترتیب 36، 30 اور 27 رنز کی انفرادی اننگز کھیل کر ٹیم کی سنچری مکمل لیکن بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے تاہم اپنے ٹیسٹ کریئر کے ابتدائی میچوں میں شان دار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے کمیندو مینڈس نے ٹیم کی ناؤ سنبھالی۔مینڈس نے اپنے ساتویں ٹیسٹ میچ میں پراعتماد بیٹنگ کی اور 173 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 114 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو بھی تباہی سے بچایا اور بین الاقوامی سطح کرکٹ کی تاریخ میں اپنا نام بھی درج کرا دیا۔

گال ٹیسٹ میں مینڈس نے سنچری بنا کر اپنے ابتدائی 7 ٹیسٹ میچوں میں نصف سنچری یا اس سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ برابر کردیا جبکہ سنیل گواسکر کا ریکارڈ توڑ دیا۔اس سے قبل گزشتہ برس پاکستان کے نوجوان سعود شکیل نے ٹیسٹ کرکٹ کی 147 سالہ تاریخ میں اپنے ابتدائی 7 میچوں کے دوران ہر میچ میں 50 یا اس سے بڑی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ بنایا تھا۔

 سعود شکیل سے قبل بھارت کے سنیل گواسکر، ویسٹ انڈیز کے باسل بوچر اور نیوزی لینڈ کے بیرٹ سٹکلیف نے اپنے ابتدائی 6 ٹیسٹ میچوں کی ہر اننگز میں نصف سنچری یا اس سے بڑی اننگز کھیلی تھی اور یہ ریکارڈ مشترکہ طور پر ان کے پاس تھا۔سری لنکا کے 25 سالہ بیٹر مینڈس نے اپنے ابتدائی 7 میچوں کی 11 اننگز میں 4 سنچریاں اور 4 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں اور اب تک 809 رنز بنا چکے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے میچ کے ابتدائی روز سری لنکا نے مینڈس کی شان دار سنچری کی بدولت 7 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے ہیں۔

Facebook
Telegram
WhatsApp
Print

URDUINSIGHT.COM

خبروں اور حالات حاضرہ سے متعلق پاکستان کی سب سے زیادہ وزٹ کی جانے والی ویب سائٹ ہے۔ اس ویب سائٹ پر شائع شدہ تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔