URDUINSIGHT.COM

علاقائی سلامتی اور استحکام کے لئے پاکستان اور امریکا کے تعلقات اہم ہیں:صدر جوبائیڈن

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن )امریکا کے صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے پاکستان اور امریکا کے تعلقات اہم ہیں۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ کی جانب سے صدر جو بائیڈن کو اپنی سفارتی اسناد پیش کی گئیں۔

اس موقع پر امریکی صدر نے علاقائی استحکام اور سلامتی کیلئے پاک امریکا تعلقات کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی اور علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے امریکا پاکستان کے ساتھ ہے۔

ملاقات میں صدر جو بائیڈن نے دہشتگردی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے پاک امریکا تعاون کو بھی سراہا۔

پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ پاک امریکا اقتصادی شراکت داری ہماری ترجیح ہے، پاکستان متبادل توانائی،گرین ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری کیلئے تیار ہے۔

قبل ازیں امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے اراکین کانگریس ٹم سوازی اور جیک برگمین سے بھی ملاقات کی تھی جس میں دو طرفہ تعلقات اور سرمایہ کاری کو بڑھانے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

Facebook
Telegram
WhatsApp
Print

URDUINSIGHT.COM

خبروں اور حالات حاضرہ سے متعلق پاکستان کی سب سے زیادہ وزٹ کی جانے والی ویب سائٹ ہے۔ اس ویب سائٹ پر شائع شدہ تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔