URDUINSIGHT.COM

اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینی بچوں کے نام امریکی کانگریس میں پیش

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن )اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے بچوں کے ناموں پر مشتمل 650 صفحوں کی دستاویزات امریکی رکن کانگریس راشدہ طلیب نے پیش کی۔

فلسطینی نژاد امریکی مسلم رکن کانگریس راشدہ طلیب نے اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینی بچوں کے ناموں کی 649 صفحات پر مشتمل دستاویزات امریکی کانگریس میں پیش کر دیں۔

الجزیرہ کی خبر کے مطابق ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والی فلسطینی نژاد امریکی مسلم رکن کانگریس راشدہ طلیب نے 7 اکتوبر کے بعد سے اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینی بچوں کے ناموں کی 649 صفحات پر مشتمل دستاویزات امریکی کانگریس میں پیش کیں جو غزہ کی وزارت صحت کی جانب سے جاری کی گئی تھیں۔

راشدہ طلیب نے کہا کہ اس میں سے شروع کے 14 صفحات پر ان 710 بچوں کے نام ہیں جن کی عمریں ایک سال سے بھی کم تھیں اور وہ اسرائیلی حملوں میں شہید ہوئے۔

ڈیموکریٹ رکن نے کہا کہ یہ دفاع نہیں ہے بلکہ یہ اسرائیل کی جانب سے کئے جانے والا قتل عام ہے اور میری خواہش ہے کہ دیگر کانگریس اراکان بھی اس رپورٹ کو دیکھیں۔

راشدہ طلیب اس سے قبل بھی فلسطینی مسلمانوں کے حق میں اور اسرائیل جارحیت کے خلاف آواز اٹھاتی رہی ہیں اور ان کے مسلسل آواز اٹھانے پر امریکی ایوان نمائندگان میں ان کے خلاف قرارداد بھی پاس کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ غزہ کی وزارت صحت نے 3 دن قبل جنگ میں شہید ہونے والے 34 ہزار افراد کی لسٹ جاری کی تھی جن میں سے 12 ہزار بچے ہیں اور ان میں بھی 700 کی عمر ایک سال سے بھی کم تھی۔

Facebook
Telegram
WhatsApp
Print

URDUINSIGHT.COM

خبروں اور حالات حاضرہ سے متعلق پاکستان کی سب سے زیادہ وزٹ کی جانے والی ویب سائٹ ہے۔ اس ویب سائٹ پر شائع شدہ تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔