ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارتی کرکٹ ٹیم کے سینیئر بیٹر اور سابق کپتان ویرات کوہلی بنگلہ دیش کے خلاف چنئی ٹیسٹ میں اپنی بڑی غلطی کی وجہ سے وکٹ گنوا بیٹھے_
بھارت نے بنگلادیش کے خلاف اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو کپتان روہت شرما اور جیسوال جلدی آؤٹ ہوگئے۔2 وکٹیں گرنے کے بعد سینیئر بیٹر ویرات کوہلی کریز پر موجود تھے، جب وہ 17 رنز پر پہنچے تو بنگلادیشی بولر مہدی حسن کی گیند بظاہر ان کے بلے پر لگی اور بولر نے ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی جس پر امپائر نے انہیں آؤٹ دیا۔
تاہم کوہلی امپائر کے فیصلے سے مطمئن دکھائی نہیں دیے اور ساتھی بیٹر شبمن گل کے پاس گئے اور پوچھا کہ کیا انہیں ری ویو لینا چاہیے یا نہیں، کچھ سیکنڈز کی گفتگو کے بعد کوہلی نے ری ویو نہ لینے کا فیصلہ کیا اور امپائر کے فیصلے کو مانتے ہوئے کریز چھوڑ کر میدان سے باہر چلے گئے۔
دلچسپ صورتحال تب ہوئی جب وکٹ کے بعد ری پلے میں دیکھا گیا کہ گیند تو پیڈ پر لگنے سے پہلے کوہلی کے بلے کے اندرونی حصے کو چھوتے ہوئے گئی۔یہ منظر دیکھ کر ڈریسنگ روم میں بیٹھے کپتان روہت شرما اور فیلڈ امپائر بھی حیران ہوئے کہ بلے کا اتنا بڑا حصہ لگنے کے باوجود کوہلی نے ری ویو کیوں نہیں لیا۔