URDUINSIGHT.COM

جویریہ عباسی کی شوہر سے پہلی ملاقات کہاں ہوئی اور نکاح کب ہوا؟ اداکارہ نے تفصیلات بتادیں

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان کی سینئر اداکارہ جویریہ عباسی جنہوں نے حال ہی میں اپنے نکاح کی خوبصورت تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، انہوں نے اب اپنے نکاح کی تفصیلات مداحوں سے شیئر کی ہیں۔

اداکارہ نے منگل کی شب انسٹاگرام پر اپنے دوسرے نکاح کی تصویریں اور ویڈیوز پوسٹ کیں جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں، جویریہ نے اس خاص موقع پر گلابی اور گولڈن رنگ کا خوبصورت لباس زیب تن کیا جس میں وہ انتہائی دلکش دکھائی دے رہی تھیں۔

اب ایک مختصر سا انٹرویو کلپ سوشل میڈیا پر سامنے آیا ہے جس میں ان سے ان کے شوہر عدیل احمد سے متعلق تفصیلات پوچھی گئیں۔

جویریہ عباسی نے انکشاف کیا کہ ان کا نکاح حال ہی میں نہیں بلکہ رواں برس 15 مارچ کو ہوا، یہ چھوٹی سی تقریب گھر میں ہی منعقد کی گئی۔

اداکارہ نے شوہر سے پہلی ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ ہم ایک دوست کے گھر رات کے کھانے پر ملے تھے جہاں ہماری دوستی ہوئی، آہستہ آہستہ جب چیزیں آگے بڑھیں تو میں نے انہیں پسند کرنا شروع کردیا، پھر انہوں نے مجھے شادی کی پیشکش کردی۔

جویریہ عباسی نے کہا کہ پھر میں عدیل کو اپنی فیملی سے ملوانے کے لئے لے گئی، خاص طور پر میرے بیسٹ فرینڈ اداکار شہود علوی، وہ ان سے ملے اور مجھے شہود نے کہا کہ شادی کرلو، پھر میرے گھر والوں اور بیٹی نے بھی یہ ہی مشورہ دیا تو میں نے کرلی کیونکہ یہ ایک اچھی چیز ہے۔

شوہر سے متعلق جویریہ نے کہا کہ بہت سے لوگوں کو لگتا ہے وہ فوٹوگرافر ہیں لیکن ایسا نہیں ہے، وہ ایک بزنس مین ہیں۔

واضح رہے کہ جویریہ عباسی نے مئی میں سوشل میڈیا پر اپنی منگنی کا اعلان ایک ویڈیو کے ذریعے کیا تھا جس کے کچھ دن بعد ہی اداکارہ نے ایک ٹی وی شو کے دوران اپنی دوسری شادی کی تصدیق بھی کر دی تھی۔

جویریہ عباسی کی پہلی شادی سال 1997 میں اداکار شمعون عباسی سے ہوئی تھی اور شادی کے 12 سال بعد 2009 میں ان دونوں کی طلاق ہوگئی تھی۔

اس سابقہ جوڑی کی ایک بیٹی عنزیلہ عباسی ہے جس کی شادی جویریہ عباسی نے گزشتہ برس کی ہے۔

Facebook
Telegram
WhatsApp
Print

URDUINSIGHT.COM

خبروں اور حالات حاضرہ سے متعلق پاکستان کی سب سے زیادہ وزٹ کی جانے والی ویب سائٹ ہے۔ اس ویب سائٹ پر شائع شدہ تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔