ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )اروشی روٹیلا کا شمار بالی وڈ کی خوبصورت اور مشہور اداکاراؤں میں ہوتا ہے، جن کی سوشل میڈیا پر بہت بڑی فین فالوونگ ہے۔
اداکارہ نے بیوٹی کانٹیسٹ جیت کر شوبز میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور 2013 میں ‘سنگھ صاحب دی گریٹ’ سے سنی دیول کے ساتھ بالی ووڈ میں قدم رکھا جہاں سے انہوں نے فلمی دنیا میں کامیابی اور شہرت کی سیڑھیاں چڑھنا شروع کردیں۔
تاہم اروشی کی ذاتی زندگی اس وقت سرخیوں میں آگئی جب ان کے بارے میں بھارتی کرکٹر رشبھ پنت سے ڈیٹنگ کی افواہیں گردش کرنے لگیں، جس پر حال ہی میں ایک انٹرویو دیتے ہوئے اداکارہ نے گفتگو بھی کی۔ تاہم ایک نئے انٹرویو میں اروشی روٹیلا نے ان افواہوں کی تردید کی اور انہوں نے بتایا کہ میمز جعلی معلومات پر مبنی ہیں جنہوں نے ان کی روزمرہ کی زندگی کو متاثر کیا ہے۔اداکارہ نے کہا کہ وہ اپنے کام پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے اپنی ذاتی زندگی کو میڈیا کی چکاچوند سے دور رکھنا چاہتی ہیں۔
اروشی کا کہنا تھا کہ ‘میرا تعلق آر پی (رشبھ پنت) کے ساتھ جوڑنے والی افواہوں کے حوالے سے میں واضح کرنا چاہتی ہوں کہ یہ میمز اور افواہیں بے بنیاد ہیں، میں اپنی ذاتی زندگی کو نجی رکھنا پسند کرتی ہوں اور میری توجہ اپنے کیریئر اور اس کام پر رہتی ہے جس کے بارے میں میں پر عزم ہوں’۔
اروشی نے مزید کہا کہ وہ اس معاملے کو شفاف طریقے سے حل کرنا چاہتی ہیں اور لوگوں سے درخواست کی کہ وہ غیر تصدیق شدہ حقائق کے بجائے سچائی پر توجہ دیں۔اداکارہ نے مزید کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آتی کہ میمز پیجز اس طرح کی چیزوں پر اتنے ایکسائیٹڈ کیوں ہوجاتے ہیں۔