URDUINSIGHT.COM

علی امین گنڈا پور کیخلاف شراب برآمدگی کیس، جوڈیشل مجسٹریٹ کی سماعت سے معذرت

اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) اسلام آباد کی جوڈیشل مجسٹریٹ نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کیخلاف اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت سے معذرت کرلی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ بھارہ کہو میں درج مقدمہ کی سماعت کی، علی امین گنڈاپور کے وکلاءراجہ ظہور الحسن،سردار مصروف اورآمنہ علی عدالت پیش ہوئے۔

دوران سماعت عدالت نے علی امین گنڈا پور کے وکلاءسے استفسار کیا کہ ضامن کدھر ہے؟ جس پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ضامن تو عمرے پر گیا ہے۔

ایڈووکیٹ ظہورالحسن نے کہا کہ ریاست بڑی جابر ہے، جی ٹی روڈ، موٹرویز سب بند ہیں، اس کا مقصد میرے مؤکل کے وارنٹ گرفتاری جاری کروانا ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ علی امین گنڈاپور ہیں کہاں لاہور میں ہیں یا پشاور میں؟ وارنٹ گرفتاری جاری کرنے سے کیا علی امین آجائیں گے؟

جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے میڈیا نمائندگان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ باہر جائیں مجھے راجہ ظہور الحسن سے کچھ بات کرنی ہے۔

بعدازاں علی امین گنڈا پور کے وکیل راجہ ظہور الحسن نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جج شائستہ کنڈی نے کیس کی سماعت سے معذرت کرلی ہے، عدالت نے کیس کی فائل سیشن جج کو بھجوادی ہے۔کیس کی آئندہ سماعت 5 اکتوبر کو سیشن جج کی عدالت میں ہوگی۔

Facebook
Telegram
WhatsApp
Print

URDUINSIGHT.COM

خبروں اور حالات حاضرہ سے متعلق پاکستان کی سب سے زیادہ وزٹ کی جانے والی ویب سائٹ ہے۔ اس ویب سائٹ پر شائع شدہ تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔