URDUINSIGHT.COM

پی ٹی آئی جلسہ: ریلی میں مہاجرین 5 ہزار روپے دیہاڑی پر شامل ہیں: اختیار ولی

پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور ترجمان اختیا رولی خان کا پی ٹی آئی جلسے میں شرکت پر کہنا ہے کہ مہاجر کیمپ کے مہاجرین پانچ پانچ ہزار روپے فی کس ریلی میں شامل ہیں۔

اختیار ولی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ خیبرپختونخوا کے سرکاری وسائل پر لاہور میں جلسہ کیا جا رہا ہے، پی ٹی آئی کی ریلی دیکھ کر اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ خیبرپختونخوا میں 2800 ارب کے ڈاکے کیسے ڈالے گئے، پی ٹی آئی جلسوں پر شاہانہ خرچوں سے اندازہ ہو رہا ہے کہ پختونخوا ہزاروں ارب کا مقروض کیسے ہوا۔

اختیار ولی نے کہا کہ علی امین گنڈاپور ریسکیو 1122 کے ملازمین اور گاڑیوں کی قیادت کررہے ہیں۔ سینکڑوں پولیس اہلکار بھی سکیورٹی کے نام پر ریلی میں شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جلوزئی اور شمشتو مہاجر کیمپ کے مہاجرین پانچ پانچ ہزار روپے دیہاڑی پر ریلی میں شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں اٹھارہ یونیورسٹیاں بند کرکے بیچنے والے صرف گندی سیاست کر رہے ہیں۔ صحت کارڈ پر ووٹ لینے والوں نے صحت کارڈ بھی گزشتہ ماہ بند کردیا۔ پاکستان کا امن برباد کرنے والے جلسوں اور گالی گلوچ کی گندی سیاست کے سوا کچھ نہیں کر سکتے۔

اختیار ولی نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پاک فوج حالات نہ سنبھالتی تو پی ٹی آئی پاکستان کو تقسیم کرنے کے قریب پہنچ چکی تھی۔ ہم نے پی ٹی آئی کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے ہیں۔

Facebook
Telegram
WhatsApp
Print

URDUINSIGHT.COM

خبروں اور حالات حاضرہ سے متعلق پاکستان کی سب سے زیادہ وزٹ کی جانے والی ویب سائٹ ہے۔ اس ویب سائٹ پر شائع شدہ تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔