ممبئی )کیا آپ جانتے ہیں کہ ایک مرتبہ بالی ووڈ کی ڈمپل گرل پریتی زنٹا نے 600 کروڑ کی جائیداد لینے سے انکار کردیا تھا؟
بھارتی میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ ایشوریا رائے، مادھوری ڈکشت، رانی مکھرجی اور کرینہ کپور جیسی بڑی اور صفِ اول کی اداکاراؤں کو کڑا مقابلہ دینے والی پریتی زنٹا نے 600 کروڑ بھارتی روپے کی جائیداد کی پیشکش ٹھکرا دی تھی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلمساز شاندار امروہی مبینہ طور پر اپنی تمام آبائی جائیداد پریتی زنٹا کےلیے چھوڑنا چاہتے تھے، شاندار امروہی جو نامور اور اعلیٰ پائے کے فلمساز کمال امروہی کے بیٹے تھے، وہ پریتی زنٹا کو اپنی بیٹی سمجھتے تھے، یہی وجہ تھی کہ وہ اپنی ساری آبائی جائیداد اداکارہ کےلیے چھوڑنا چاہتے تھے۔
تاہم بھارتی میڈیا پر ماضی میں شائع ہونے والی ہی ایک رپورٹ کے مطابق پریتی زنٹا نے اس نوعیت کی خبروں پر ردعمل دیا تھا اور ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے والد کی جگہ کوئی بھی نہیں لے سکتا ، میرے حالات اتنے برے نہیں ہیں کہ مجھے کسی اور کی جائیداد کی ضرورت پڑجائے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کے مطابق شاندار امروہی بعدازاں اپنے ہی بیان سے پِھر گئے تھے، انہوں نے کہا تھا کہ میں اس (پریتی) کے لیے کچھ نہیں چھوڑوں گا، میں ابھی نہیں مر رہا ہوں، جب مجھے یہ احساس ہوگا کہ وقت قریب آگیا ہے تو میں وصیت کردوں گا، اور میں اپنی جائیداد پریتی کے لیے کیوں چھوڑوں؟ کیوں نہ کترینہ کیف کے لیے چھوڑ دوں؟
واضح رہے کہ 49 سالہ بالی ووڈ اداکارہ پریتی زنٹا نے فلم ’دل سے‘ سے 1998 ءمیں بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا تھا جس کے ہیرو ہیروئن شاہ رخ خان اور منیشا کوئرالا تھیں۔