URDUINSIGHT.COM

کینیڈی جونیر سے رومانی تعلقات خاتون رپورٹر کو لے ڈوبے، منگنی اور نوکری دونوں ختم

نیویارک (ویب ڈیسک) امریکا میں صفِ اول کی رپورٹر کو اپنے ایک ’رپورٹنگ سبجیکٹ‘ سے رومانی تعلق کے الزام کے تحت طویل رخصت پر بھیج دیا گیا ہے۔

آج نیوز کے مطابق نیو یارک میگزین نے بتایا ہے کہ اس کی اسٹار رپورٹر اولیویا نوزی نے ادارے کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے اس لیے اُس کا مزید کام کرنا بظاہر ممکن نہیں رہا۔ کینیڈی جونیر سے تعلقات کے باعث اولیویا نوزی کو ایک اور جھٹکا بھی لگا ہے۔ اُس کی منگنی بھی ٹوٹ گئی ہے۔ نیوز پیپر اسٹیٹس اور نیو یارک ٹائمز نے بتایا ہے کہ اولیویا نوزی کا مبینہ افیئر رابرٹ ایف کینیڈی جونیر سے چل رہا تھا۔

اولیویا نے اس تعلق کی تصدیق نہیں کی اور رابرٹ ایف کینیڈی جونیر کا کہنا ہے کہ وہ اب تک اولیویا نوزی سے صرف ایک بار ملے ہیں۔نیو یارک میگزین کے ایڈیٹر ڈیوڈ ہیسکل نے اسٹاف کے نام ایک میمو میں بتایا کہ اولیویا نوزی نے بتایا تھا کہ رابرٹ ایف کینیڈی سے اُس کے تعلقات دسمبر میں شروع ہوئے تھے۔

یہ تعلقات نومبر 2023 میں ایک پروفائل کی اشاعت کے بعد شروع ہوئے تھے۔ یہ پروفائل رابرٹ ایف کینڈی جونیر کا تھا۔ یہ تعلقات مبینہ طور پر اگست میں ختم ہوگئے۔ اولیویا نوزی کے حوالے سے یہ سب کچھ بہت حیرت انگیز اور چونکانے والا ہے کیونکہ اُنہوں نے حال ہی میں سابق صدر اور ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں ایک شاندار مضمون لکھا ہے جو ’پیئرنگ اِنٹو ڈونلڈ ٹرمپز ایئر اور سول‘ کے زیرِعنوان حال ہی میں نیو یارک میگزین کے ٹائٹل پر شائع ہوا ہے۔ صدر جو بائیڈن کے بارے میں بھی اولیویا کا ایک طویل مضمون شائع ہونے والا ہے۔

جمعرات کو نیو یارک میگزین نے بتایا تھا کہ اگر ادارے کو رابرٹ ایف کینیڈی جونیر سے اولیویا نوزی کے تعلقات کا علم ہوتا تو اُسے امریکا کی صدارتی انتخابی مہم کور کرنے کی اجازت نہ دی جاتی۔

Facebook
Telegram
WhatsApp
Print

URDUINSIGHT.COM

خبروں اور حالات حاضرہ سے متعلق پاکستان کی سب سے زیادہ وزٹ کی جانے والی ویب سائٹ ہے۔ اس ویب سائٹ پر شائع شدہ تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔