کراچی ) کسٹم کورٹ کراچی نے بینٹ لے کار کی غیر قانونی رجسٹریشن کے مقدمے سے 2 ملزمان کو بری کردیا۔
کراچی میں کسٹم کورٹ نے بینٹ لے کار کی غیر قانونی رجسٹریشن کے مقدمے کا فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے ڈی ایس پی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اسماعیل چانڈیو اور نوید بلوانی کو بری کردیا۔ دونوں ملزمان نے بریت کی درخواست دائر کر رکھی تھی۔
ملزمان پر بینٹ لے کار 2020 میں برطانیہ سے چوری کر کے غیر قانونی طور پر پاکستان منتقل کرنے کا الزام تھا۔ اگست 2020 میں ایکسائز ڈپارٹمنٹ نے اس کی رجسٹریشن کی تھی۔ وکیل صفائی نے مؤقف دیا تھا کہ یہ بینٹ لے کار بلغاریہ کے سفارت کار الیگزینڈر بورنزو کیلئے ایکسپورٹ ہوئی تھی۔
الیگزینڈر بورنزو بلغاریہ کے سفارت کار اپنی مدت ختم ہونے کے بعد بلغاریہ واپس چلے گئے۔ وفاقی حکومت کی اجازت سے اس کار کی رجسٹریشن کی گئی۔ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا۔