تہران )ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ حزب اللہ سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت کی صورت میں متبادل قیادت تحریک چلانے کیلئے تیار ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کے مشیرعلی لاریجانی نے اپنے بیان میں کہا کہ حزب اللہ کے پاس قائدانہ صلاحیت رکھنے والے بہت سارے کمانڈر اور رہنما ہیں۔
علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے سرخ لکیر عبور کردی ہے، صورتحال انتہائی سنگین ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی ٹاون میں حزب اللہ ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنا نے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے حزب اللہ کے سینٹرل کمانڈ کو بمباری کا نشانہ بنایا، حزب اللہ کا سینٹرل کمانڈ عمارت کے نیچے قائم کیا گیا تھا، بمباری کا اصل ہدف حزب اللہ سربراہ حسن نصراللہ تھے۔
عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ 5 روز میں یہ اسرائیلی فوج کی بیروت پر سب سے طاقتور بمباری ہے، اسرائیلی فوج نے ایئرپورٹ روڈ پر مخصوص عمارت کو نشانہ بنایا، اسرائیلی طیاروں نے البرج عمارت پر 10 میزائل داغے، جنوبی ٹاون پراسرائیلی بمباری میں 4 عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
دوسری جانب ایرانی خبررساں ادارے تسنیم نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ محفوظ رہے تاہم حزب اللہ کی جانب سے اب تک اس بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔