راولپنڈی کے اہم مقامات بھی سیل کرتے ہوئے داخلی راستے بند اور بھاری نفری تعینات کردی گئی،راولپنڈی میں آج موبائل سروس بھی جزوی بند رکھی جائے گی،لیاقت باغ کے گیٹ کو رکاوٹیں کھڑی کر کے اور خاردار تاریں لگا دی گئیں،تفصیلات کے مطابق لیاقت باغ میں پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کو روکنے کیلئے راولپنڈی انتظامیہ نے کنٹینرز لگا کر شہر کو مکمل طور پر سیل کر دیا۔
کسی قسم کی ٹریفک شہر میں داخل نہیں ہو سکتی جب کہ راستے بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ پولیس کے ہزاروں اہل کار مختلف مقامات پر تعینات کردئیے گئے ہیں۔ مری روڈ کے اطراف اور مری روڈ سے لیاقت باغ جانے والے راستے بھی کنٹینرز لگا کر بند کر دیئے گئے۔
پولیس کی بھاری نفری کو لیاقت باغ کے اندر اور باہر تعینات کرکے چہل قدمی کیلئے آنے والے افراد کو بھی لیاقت باغ سے باہر نکال دیا گیا۔
راولپنڈی شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ نافذ کردی گئی ہے، جس کے تحت کسی بھی قسم کے جلسے ، اجتماع یا دھرنے کے علاوہ اسلحہ کی نمائش پر بھی پابندی ہوگی۔مری روڈ کو فیض آباد کے مقام پر کنٹینر رکھ کر بلاک کر دیا گیا۔اس کے علاوہ راولپنڈی صدر سٹیشن تا آئی جے پی سٹیشن تک میٹروبس سروس مکمل طور پر بند رہے گی جبکہ اسلام آباد کی حدود میں آئی جے پی سٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو بس سروس فعال رہے گی۔
میٹرو بس سروس بھی جزوی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔لیاقت روڈ پر ناشتہ شاپس اور تندورکو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے ساتھ آنسو گیس کے بھاری شیلز سے لیس اہلکار بھی تعینات کردئیے گئے ہیں۔ میٹرو بس اسٹیشنوں پر بھی پولیس تعینات کردی گئی ہے ۔راولپنڈی شہر میں بائیکیا موٹر سائیکل سروس بھی دستیاب نہیں۔مری روڈ پر داخل ہونے والی چھوٹی چھوٹی گلیاں ریڑھے خار دار تاروں سے سیل کردئیے گئے ہیں۔
لیاقت باغ میں موجود دو سرکاری دفاتر بھی سیل کر دئیے گئے ہیں۔ لیاقت روڈ ،اقبال روڈ سکستھ روڈ کے تمام تعلیمی ادارے بند ہیں۔ لیاقت روڈ اور اقبال روڈ کے تمام ہوٹلز بند اور کمرے خالی کرا لئے گئے ہیں۔ لیاقت باغ میں صبح واکنگ کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔ مری روڈ اور الائیڈ اسپتالوں تک ایمبولینسوں کا داخلہ بھی بند کردیا گیا ہے اور تمام چوراہوں میں پولیس اور قیدی وینز پہنچا دی گئی ہیں۔بتایاگیا ہے کہ فیض آباد سے مریڑ چوک کو مکمل سیل کردیا گیا ہے۔ مری روڈ داخل ہونے والے تمام چوک، لیاقت باغ چوک ،کمیٹی چوک ،اصغر مال چوک بھی سیل ہیں۔ اس کے علاوہ چاندنی چوک ،رحمان آباد چوک ، صادق آباد چوک ،شمس آباد ڈبل روڈ چوک بھی سیل کردیا گیا ہے۔