ممبئی )اپنی گولی سے زخمی ہونے والے بالی ووڈ کے معروف اداکار و سیاسی رہنما گووندا نے اپنے چاہنے والوں کے لئے آڈیو پیغام جاری کر دیا ۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے جاری کردہ پیغام میں اپنے مداحوں کی دعاوں اور نیک تمناوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی خیریت سے آگاہ کیا ہے۔60 سالہ اداکار کا کہنا ہے کہ ان کے پرستاروں، والدین اور ان کے گرو کی دعاوں نے انہیں بچا لیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مجھے گولی لگی تھی لیکن اب اسے نکال لیا گیا ہے، میں ڈاکٹروں اور آپ کی دعاوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔واضح رہے کہ گووندا آج صبح تقریباً 4 بج کر 45 منٹ پر گولی لگنے سے زخمی ہو گئے تھے، وہ ایک شو کے لئے صبح 6 بجے کی فلائٹ سے کولکتہ کے لئے روانہ ہونے والے تھے۔اداکار شیوسینا کے رہنما ہیں اور حادثے کے وقت گھر پر اکیلے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گووندا کے منیجر کا کہنا ہے کہ لائسنس یافتہ ریوالور الماری میں رکھنے کے دوران گری اور گولی چل گئی جس سے گووندا کی ٹانگ زخمی ہوگئی۔پولیس کے مطابق سینئر اداکار نے واقعے سے متعلق کوئی شکایت درج نہیں کرائی ہے، واقعے کے بعد انہیں فوری طور پر گھر کے قریب ہسپتال لے جایا گیا جہاں کچھ دیر علاج کے بعد وہ واپس آگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گووندا کی حالت خطرے سے باہر ہے۔مداحوں نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گووندا کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔