ڈیرہ غازی خان (ویب ڈیسک) ساؤتھ افریقہ جانے کی غرض سے گھر سے نکلنے والی 3 نابالغ بچیوں کو ریلویز پولیس نے ریسکیو کرکےورثاء کے حوالے کر دیا، ڈی جی خان کی رہائشی 14سالہ عافیہ،علیشا اورایمن آپس میں کزن تھیں۔
آج نیوز کے مطابق بچیاں پہلے لاہور سے کراچی پھرساؤتھ افریقہ جانا چاہتی تھیں۔تینوں بچیاں ڈی جی خان سے ریلوے سٹیشن لاہور آپہنچی تھیں۔ ڈیوٹی کانسٹبل نے بچیوں کو ریلوے سٹیشن کے مین پورچ میں لاوارث پاکر حفاظتی تحویل میں لیا۔
ریلوے پولیس کے ترجمان کے مطابق بچیوں نے انکشاف کیا کہ وہ بہتر مستقبل کیلئے گھر سے نکلی ہیں۔ بچیوں کے ورثاء نے ان کی گمشدگی کی ایف آئی آر تھانہ کوٹ مبارک ڈی جی خان میں درج کروا رکھی تھی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ریلویز پولیس کی بروقت کارروائی نے بچیوں کو انسانی سمگلرز کے ہتھے چڑھنے سے بچالیا۔ ریلوے کے ترجمان کے مطابق ورثاء نے ریلویز پولیس کا شکریہ ادا کیا۔