URDUINSIGHT.COM

سوئٹرزلینڈ اور اٹلی کوایک مرتبہ پھر سے اپنی سرحدوں کی لکیروں کا تعین کرنے کی ضرورت پیش آگئی

جینیوا(آئی این پی)سوئٹرزلینڈ اور اٹلی کوایک مرتبہ پھر سے اپنی سرحدوں کی لکیروں کا تعین کرنے کی ضرورت پیش آگئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث ایلپس کے پہاڑی سلسلے میں موجود گلیشیئرز کے پگھلنے کے باعث اٹلی اور سوئٹزرلینڈ نے نئے سرے سے اپنی سرحدوں کے تعین کا فیصلہ کیا ہے،رپورٹ کے مطابق ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ یورپ کی سب سے اونچی چوٹی میٹر ہورن کے علاقوں میں دونوں ممالک ایک مرتبہ پھر سے اپنی سرحد کا تعین کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق اٹلی اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان واقع سرحد زیادہ تر گلیشیئرز، رج لائنز اور برفانی میدانوں پر مشتمل ہے تاہم ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث تیزی سے برف پگھلنے کے باعث یہ قدرتی سرحدیں تبدیل ہوتی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے دونوں ممالک کو اپنی سرحدوں کے تعین کی ضرورت پیش آگئی ہے،رپورٹ کے مطابق سوئٹزرلینڈ نے سرحد کے دوبارہ تعین کیلئے معاہدے کرنے کی منظوری دیدی ہے تاہم اٹلی کی جانب سے مئی 2023یں مشترکہ کمیشن کے تجاویز کے باوجود اس معاملے پرابھی کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

اعداد و شمار کے مطابق 2023کے دوران سوئٹزرلینڈ میں گلیشیئرز میں 4فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جو کہ 2022میں ریکارڈ کی گئی 6فیصد کی تاریخی کمی کے بعد دوسری سب سے بڑی کمی تھی،سوئز حکام کے مطابق دونوں ممالک نے اپنے معاشی مفادات کے پیش نظر سرحد کے دوبارہ تعین کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ہمیں یہ فیصلہ کرنے میں آسانی رہے کہ ان فطری علاقوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری کس پر عائد ہوگی۔

حکام کے مطابق ایک مرتبہ دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ طے پانے کے بعد معاہدے کی تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

Facebook
Telegram
WhatsApp
Print

URDUINSIGHT.COM

خبروں اور حالات حاضرہ سے متعلق پاکستان کی سب سے زیادہ وزٹ کی جانے والی ویب سائٹ ہے۔ اس ویب سائٹ پر شائع شدہ تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔