تہران)ایرانی سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ قرآن کا درس ہے کہ مسلمان متحد ہوں،ہمارا دشمن ایک ہی ہے، مسلمان متحد ہو جائیں تو دشمنوں پر قابو پاسکتے ہیں۔
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے جامع مسجد تہران میں خطبہ جمعہ دیا،آیت اللہ خامنہ ای نے نماز جمعہ کے خطبے میں مسلم اتحاد پرزوردیا،نماز جمعہ میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان بھی شریک تھے،شہید حسن نصراللہ اور دیگر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
ایرانی سپریم لیڈر کا نماز جمعہ کے خطبہ میں کہناتھا کہ قرآن کا درس ہے کہ مسلمان متحد ہوں،ہمارا دشمن ایک ہی ہے،آیت اللہ خامنہ ای نے کہاکہ ہر ملک کو اپنے دفاع کا حق ہے،اسرائیل غزہ میں خون کی ہولی کھیل رہا ہے،فلسطین پر ہونے والے اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہیں،ہم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں،تمام ممالک فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ کے دشمن مشترکہ ہیں،ایران کا دشمن فلسطین، لبنان، عراق، مصر، شام اور یمن کا دشمن ہے،قرآن میں مومنین کے اتحاد سے مرادد رحمت الٰہی ہے،مسلمان متحد ہو جائیں تو دشمنوں پر قابو پاسکتے ہیں،ہماری مسلح افواج نے جو کام کیا وہ خطے میں اسرائیل کو کم ترین جواب ہے،
ایرانی سپریم لیڈر نے کہاکہ مسلمان قوموں کو افغانستان سے یمن، ایران سے غزہ اور لبنان تک دفاعی لائن بنانا ہوگی،جس طرح 7اکتوبر کا حملہ جائز تھا اسی طرح ایران کا اسرائیل پر حملہ جائز ہے،ہم اسرائیل کو جواب دینے میں تاخیر نہیں کریں گے اور نہ ہی جلدی کریں گے۔
یاد رہے کہ آیت اللہ خامنہ ای نے جنوری 2020میں آخری بار نماز جمعہ کی امامت کی تھی،آیت اللہ علی خامنہ ای نے تقریباً5سال بعد نماز جمعہ کا خطبہ دیا ہے۔