URDUINSIGHT.COM

وزیراعلیٰ کے پی علی امین کا گورنر فیصل کریم کنڈی سے پہلا باضابطہ رابطہ

پشاور ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے گورنر فیصل کریم کنڈی سے پہلا باضابطہ رابطہ کیا ہے۔

گورنرخیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پورکی دعوت پر صوبے کی سیاسی و امن و امان کی صورتحال پر مختلف سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے بلائے گئے جرگے میں شرکت کریں گے۔

وزیراعلی کے پی علی امین گنڈا پور کا گورنر فیصل کریم کنڈی کے ساتھ پہلا باضابطہ رابطہ ہو گا جس کے لئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اسلام آباد میں تمام مصروفیات ترک کرکے پشاور کے لئے روانہ ہوگئے ہیں۔

گرینڈ جرگہ تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کی مشاورت کے نتیجے میں بلایا گیا ہے، جرگے کی سربراہی صوبے کے چیف ایگزیکٹو کریں گے۔

صوبائی جرگے کی تجاویز پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے رات گئے وزیر داخلہ محسن نقوی اور گورنر خیبر پختونخوا سے رابطہ بھی کیا تھا، وزیر داخلہ محسن نقوی بھی گرینڈ جرگے میں وفاقی حکومت کے نمائندے کی حیثیت سے شریک ہوں گے۔

یاد رہے کہ فیصل کریم کنڈی نے مئی 2024 میں گورنر خیبر پختونخوا کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے ان کی تقریب حلف برداری میں بھی شرکت نہیں کی تھی اور دونوں صوبائی عہدیداران ایک دوسرے کے خلاف کئی بیانات دے چکے ہیں۔

Facebook
Telegram
WhatsApp
Print

URDUINSIGHT.COM

خبروں اور حالات حاضرہ سے متعلق پاکستان کی سب سے زیادہ وزٹ کی جانے والی ویب سائٹ ہے۔ اس ویب سائٹ پر شائع شدہ تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔