نئی دہلی)بیٹی کی ’محبتوں‘ سے تنگ آکر ماں نے کرائے کے قاتل کے ذریعے اُسے مروانا چاہا۔ اُسے معلوم نہ تھا کہ جس شخص کو وہ اپنی بیٹی کے قتل کی ’سپاری‘ دے رہی ہے وہ بھی اُس کی بیٹی کا عاشق رہا ہے۔ بیٹی نے عاشق کے ساتھ مل کر ماں کو قتل کردیا۔
یہ واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر ایٹا کا ہے۔ 42 سالہ خاتون اپنی بیٹی کی رنگین مزاجی سے بہت پریشان تھی۔ وہ کئی لڑکوں سے تعلقات اُستوار کرچکی تھی۔ بہت سمجھانے پر بھی جب بیٹی نہ مانی اور شکایات بڑھتی گئیں تو ماں نے سوچا کہ اُسے ختم ہی کروادے۔
الکا نے اپنی بیٹی کے قتل کے لیے سُبھاش سے رابطہ کیا۔ وہ زیادتی کے مقدمے میں سزا بھگت کر حال ہی میں جیل سے رہا ہوا تھا۔ سُبھاش اُس کی بیٹی کے عاشقوں میں سے تھا اور اُس سے رابطے میں بھی رہا تھا۔
جب سبھاش نے بیٹی کو بتایا کہ ماں نے اُس کے قتل کی سپاری دی ہے تو اُس نے سبھاش کو شادی کی آفر کی اور مل کر ماں کو قتل کرنے کا منصوبہ بھی بنایا۔سبھاش نے چند جعلی فوٹو الکا کو دیے تاکہ اُسے یقین ہوجائے کہ اُس کی بیٹی کو قتل کردیا گیا ہے۔ اُس نے الکا سے پچاس ہزار روپے طلب کیے۔ قتل کا یہی معاوضہ طے کیا گیا تھا۔
سبھاش نے الکا کو آگرہ بلوایا۔ وہاں بیٹی اور سبھاش مل کر الکا کو ایٹا لے گئے۔ وہاں اُنہوں نے الکا کو گلا گھونٹ کر مار ڈالا اور لاش جنگل میں پھینک دی۔
الکا کے شوہر نے پولیس کو اپنی بیوی کے لاپتا ہونے کی خبر دے دی تھی۔ اس کی لاش 6 اکتوبر کو جنگل سے ملی۔ پولیس نے الکا کی بیٹی اور اُس کے عاشق کو گرفتار کرلیا۔