اسلام آباد )بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات اور 15 اکتوبر کے احتجاج سے متعلق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان رابطے ہو گئے۔
ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے گزشتہ رات چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیر داخلہ نے بیرسٹر گوہر کو آج سہ پہر بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ذرائع پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ نے بیرسٹر گوہر علی کو انفرادی طور پر عمران خان سے ملاقات کی یقین دہانی کروائی ہے۔بیرسٹرگوہر کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج کی ملاقات کی بھی درخواست کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لئے وزارت داخلہ کو باقاعدہ درخواست بھی دی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ان کی اور حامد خان کی عمران خان سے ملاقات کروائی جائے۔
پاکستان تحریک انصاف نے 15 اکتوبر کو ڈی چوک اسلام آباد میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے، 15 اکتوبر کو ہی اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس شروع ہوگا جس میں مختلف ممالک کے سربراہان سمیت 200 وفود شرکت کریں گے۔
ادھر ترجمان پی ٹی آئی وقاص اکرم شیخ کا کہنا ہے کہ اگر حکومت ہماری عمران خان سے ملاقات کروا دیتی ہے تو ہم 15 اکتوبر کے احتجاج کی کال واپس لے لیں گے جبکہ مسلم لیگ ن کے سینیٹر طلال چودھری کا کہنا ہے کہ ملاقات تو بہانہ ہے، شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس ان کا نشانہ ہے، نہ حکومت کو ملاقات کرانےکی ضرورت ہے، نہ کسی عدالت کی ہدایت ہے۔