URDUINSIGHT.COM

برف پگھل گئی ؟اسلام آباد اور دہلی میں ہائی کمشنرز کی دوبارہ تعیناتی کا عمل جلد شروع ہونے کا امکان

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) بھارت کے وزیر خارجہ کے دورۂ پاکستان کے بعد مبصرین کی جانب سے یہ تبصرے کیے جا رہے ہیں کہ دونوں ملکوں کے درمیان برف پگھل گئی ہے اور مفروضوں پر مبنی قیاس آرائیوں میں امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ جلد اسلام آباد اور دہلی میں ہائی کمشنرز کی دوبارہ تعیناتی کا عمل شروع ہو جائے گا۔

“جنگ ” کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم کے شرکاء کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے کے موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ والی نشست پر بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کی موجودگی دیکھنے والوں کیلئے ایک غیر معمولی اور خوشگوار حیرت کا منظر اس لیے بھی تھا کہ پاکستان آنے سے قبل بھارتی وزیر خارجہ کا یہ بیان کہ ایس سی او کے اجلاس میں جب وہ پاکستان کے دوے پر جائیں گے تو وہاں دوطرفہ تعلقات پر بات چیت نہیں کریں گے، پھر یہ بات بھی سامنے آئی کہ جے شنکر سائیڈ لائن ملاقاتیں بھی نہیں کریں گے۔

گوکہ اسلام آباد آنے پر ایسا ہی ہوا لیکن سفارتی ملائمت سے عاری ان کے بیان کے قدرے جارحانہ انداز سے یہ تاثر پیدا ہوا تھا کہ کوئی ناخوشگوار صورتحال پیدا نہ ہوجائے بالخصوص اس تناظر میں جب انہیں اپنے ہم منصب اسحاق ڈار کے ساتھ مسکراہٹوں کے ساتھ غیر رسمی گفتگو کرتے دیکھا تو گویا مفروضوں پر مبنی سوچوں کا منظر ہی بدل گیا اور اس کی جگہ خوش کن توقعات، امیدوں، امکانات اور درجہ حرارت کم ہوگیا اور برف پگھلنے والے جملوں نے لے لی اور مفروضوں پر ان قیاس آرائیوں میں امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ جلد اسلام آباد اور دہلی میں ہائی کمشنرز کی دوبارہ تعیناتی کا عمل شروع ہو جائے گا جو 2019 سے التواء کا شکار ہے۔

Facebook
Telegram
WhatsApp
Print

URDUINSIGHT.COM

خبروں اور حالات حاضرہ سے متعلق پاکستان کی سب سے زیادہ وزٹ کی جانے والی ویب سائٹ ہے۔ اس ویب سائٹ پر شائع شدہ تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔