ممبئی)بالی ووڈ سپر سٹارسلمان خان کی سابق گرل فرینڈ سومی علی نے انتہائی چونکا دینے والادعوی کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سومی علی نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ وہ خود بھی سلمان خان کے ساتھ آؤٹ ڈور شوٹنگ کے دوران شکار پر جاتی تھیں۔ سومی علی کا یہ بھی کہنا تھا کہ سلمان خان کو خود بھی نہیں معلوم تھا کہ بشنوئی برادری کالے ہرن کی پوجا کرتی ہے۔
بھارتی میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو کے مطابق سومی علی نے کہا کہ سلمان خان ایسی چیز کیلئے کیوں معافی مانگیں گے جس کے بارے میں وہ نہیں جانتے تھے؟ سومی نے مزید کہا کہ آج میرا اس سے یا اس کے خاندان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ لیکن میں یہ کبھی نہیں چاہوں گی کہ کوئی بالی ووڈ سٹار مارا جائے، کیونکہ تشدد کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔
رپورٹس کے مطابق سلمان خان کی سابق گرل فرینڈ نے یہ بھی کہا کہ لوگ سلمان خان کو بہت مغرور سمجھتے ہیں کیونکہ ان کے پاس شہرت ہے ، لیکن یہ خیال غلط ہے۔ سلمان خان بہت اچھا انسان ہے اس کی ایک این جی او بھی ہے۔ سلمان خان کو واقعی یہ نہیں معلوم تھا کہ بشنوئی برادری اس جانور کی پوجا کرتی ہے۔ کیا آپکے خیال میں سلمان خان وہ واحد شخص ہیں جو اس علاقے میں شکارکیلئے جاتا ہے ؟ آخر یہ لوگ صرف سلمان خان کے پیچھے کیوں پڑے ہیں؟
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کیا سلمان خان نے ان سے اس واقعے کا ذکر کیا ہے اور کیا وہ خود کو بے قصور سمجھتے ہیں ، اداکارہ نے جواب دیا کہ بشنوئی برادری کو یہ سمجھنا پڑے گا کہ سلمان خان کو کالے ہرن کی پوجا کے بارے میں کچھ نہیں معلوم تھا اور اس نے مجھے یہ بتایا بھی تھا کہ وہ کچھ نہیں جانتا ہے۔