URDUINSIGHT.COM

توشہ خانہ کیس، بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور

اسلام آباد)اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت منظورکرلی، بشریٰ بی بی کی دس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی گئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ضمانت منظور کی۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی،بشریٰ بی بی کے وکیل نے گزشتہ روز اپنے دلائل مکمل کر لئے تھے،ایف آئی اے پراسیکیوٹر عمیرمجید عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل کا آغاز کردیا۔

جسٹس گل حسن نے کہاکہ اگر آپ کو یا ڈپٹی اٹارنی جنرل کو موقع ملے تو آذربائیجان جا کر دیکھیں،دنیا کے صدور کو جو گفٹ ملتے ہیں وہ ان کی تصاویر کیساتھ رکھتے ہیں،یاسر عرفات کی جانب سے مسجد اقصیٰ کے ماڈل کا تحفہ بھی وہاں ہے،وہاں جانا ہوا، مجھے وہاں پر محترمہ بینظیر بھٹو کی تصویر نظر آئی،بدقسمتی سے کسی اور کی کوئی تصویر نظر نہیں آئی۔

پراسیکیوٹر نے کہاکہ ریاست کو ملنے والا گفٹ جمع کرانااور ڈیکلیئر کرنا ہوتا ہے،قانونی طریقے سے خریدے جانے تک گفٹ ریاست کی ملکیت ہوتا ہے،پروسیجر کے تحت قیمت کا تخمینہ لگنے کے بعد 4ماہ میں تحفہ خریدا جا سکتا ہے،کیس ایسے گفٹ سے متعلق ہے جو جمع ہی نہیں کرایا گیا، ریاست کا ملکیتی تحفہ خریدنے سے قبل اپنے پاس نہیں رکھا جا سکتا، جسٹس حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ بشریٰ بی بی نے تحائف جمع نہیں کرائے تو بانی پی ٹی آئی کو ملزم کیوں بنایا گیا؟ایف آئی اے پراسیکیوٹر عمیر مجید نے کہاکہ پبلک آفس ہولڈر بانی پی ٹی آئی تھے،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ یہ تو جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی طرح کا کیس ہے،اس کیس میں بھی شوہر کو بیوی کے کئے کا ذمہ دارٹھہرایا گیا تھا،ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہاکہ یہ کیس اس سے تھوڑا مختلف ہے،جسٹس گل حسن نے کہا کہ توشہ خانہ کی تحفے کی قیمت کا درست تخمینہ آکشن کے ذریعے ہی لگایا جا سکتا ہے،آپ کسی شاپ سے گھڑی لے کر نکلیں، پھر بعد میں اس کی قیمت لگوائیں تو کیا قیمت لگے گی؟

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد توشہ خانہ کیس میں بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت منظورکرلی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ضمانت منظور کی، بشریٰ بی بی کی دس لاکھ روپے کے مچلکوں پر ضمانت منظور کی گئی۔

Facebook
Telegram
WhatsApp
Print

URDUINSIGHT.COM

خبروں اور حالات حاضرہ سے متعلق پاکستان کی سب سے زیادہ وزٹ کی جانے والی ویب سائٹ ہے۔ اس ویب سائٹ پر شائع شدہ تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔