اسلام آباد)اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس میں اسلام آباد کی عدالت نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو گرفتار کرکے 26 اکتوبر کو پیش کرنےکا حکم دے دیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی۔
“جیو نیوز” کے مطابق علی امین گنڈاپور کے خلاف کیس کی سماعت سول جج مبشر حسن نےکی۔علی امین گنڈاپور عدالت میں پیش نہیں ہوئے، ان کے وکیل ظہور الحسن عدالت پیش ہوئے۔علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیلی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی گئی۔ رپورٹ کے مطابق پولیس نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد نہیں کیا۔
عدالت نے ایس ایس پی آپریشن اسلام آباد کو وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد کروانے کے احکامات جاری کردیئے۔عدالت کی جانب سے آئندہ سماعت پر علی امین گنڈاپور کو گرفتار کرکےکمرہ عدالت میں پیش کرنےکاحکم دے دیا گیا۔عدالت نے علی امین گنڈاپور کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کر دیا۔ عدالت نے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے اور سماعت 26 اکتوبر تک ملتوی کردی۔