لاہور ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا اور مریضوں کی عیادت کی۔
پنجاب کارڈیالوجی دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے ایمرجنسی وارڈ کا دورہ کیا، اس موقع پر پی آئی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ری ویمپنگ پلان اور دیگر امورپر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے پی آئی سی ایمر جنسی بلاک میں فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا، ایمرجنسی بلاک میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی، مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے علاج کی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا، استقبالیہ کاﺅنٹر پر صورتحال کے بارے میں بھی پوچھا۔
انہوں نے ٹرائیج ایریا میں مریضوں کی آمد اور علاج کے آغاز کے سسٹم کا مشاہدہ بھی کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایئر ایمبولینس پیشنٹ وارڈ کا معائنہ کیا، بہاولپور سے ایئر ایمبولینس پر منتقل ہونے والے مریض امجد علی کی عیادت کی، ہارٹ پیشنٹ امجد علی نے ایئر ایمبولینس سروس کے اجرا پر وزیر اعلیٰ کو ازراہ عقیدت سلام اور ڈھیروں دعائیں دیں۔
مریم نواز نے امجد علی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایئر ایمبولینس سروس عوام کا حق ہے، کسی پر احسان نہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سکیورٹی اہلکاروں کو مریضوں کی آمدورفت میں مداخلت سے سختی سے روک دیا اور عوام کے لئے پریشانی کا سبب بننے والے اور بدعنوان عناصر کے خلاف حتمی کارروائی کا حکم بھی دیا۔
مریم نواز شریف نے پی آئی سی پر مریضوں کا رش کم کرنے کیلئے پی آئی سی ٹو کی جلد تکمیل کی بھی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پی آئی سی میں انتظامی بہتری کیلئے جنگی بنیادوں پر انتظامی اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ عوام کو مافیاز کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔