تہران )اسرائیل نے ایران پر جوابی حملوں کا آغاز کر دیا، ایران کے دارالحکومت تہران میں سات دھماکے سنے گئے جس کی تصدیق مقامی میڈیا کی جانب سے بھی کی گئی ہے ۔
امریکی میڈیا کے مطابق یکم اکتوبر کو اسرائیل پر ایران کی جانب سے کیے جانے والے میزائل حملوں کے بعد اب اسرائیل نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایران پرجوابی حملہ کر دیاہے ۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی دارالحکومت کے مغرب میں سات دھماکے سنے گئے ہیں جبکہ تہران کے خمینی ایئرپورٹ پر بھی دھماکوں کی آواز سنی گئی ہے۔ شامی میڈیا کا کہنا ہے کہ دمشق اور ہومز میں بھی کئی دھماکے سنے گئے ہیں جبکہ شامی فضائیہ میزائلوں کو ناکام بنانے میں مصروف عمل ہے اس کے علاوہ عراقی شہروں دیالہ اور صلاح الدین میں بھی دھماکوں کی آواز سنی گئی ہے۔
صہیونی فوجی حکام کے مطابق تہران حکومت کی طرف سے اسرائیل پر حملوں کے جواب میں ایران کے کئی علاقوں میں فوجی مقامات کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ کئی عمارتوں میں آگ لگ گئی جن میں سے ایک عمارت سے 10افراد کونکال لیا گیا۔اسرائیل کے وزیر دفاع نے اس ہفتے کہا تھا کہ دشمنوں کو اسرائیل کو نقصان پہنچانے کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔
ایرانی حکام کے مطابق تہران میں دھماکے فضائی دفاعی نظام کی سرگرمیوں کے باعث ہیں، مہر آباد اور امام خمینی ایئرپورٹس پر صورتحال معمول کے مطابق ہے جبکہ ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے تہران کے مغرب اور جنوب مغرب میں کئی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔