اسلام آباد ) سابق وزیر اعظم اور عوام پاکستان پارٹی (اے پی پی) کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ الیکشن چوری کرنے اور عوام کی رائے نہ ماننے کا ایک سلسلہ جاری ہے، ترمیم میں چند باتیں ایسی ہیں جو ملک میں خرابی پیدا کریں گی۔
کراچی بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اب بھی وقت ہے خرابی کو درست کریں، چیک اینڈ بیلنس کا نظام ختم کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں فل کورٹ اجلاس میں ریفارم کی بات کی گئی۔ پچاس فیصد سینیٹر پیسے دے کر آئے ہیں۔ کوئی بھی جج آئے احتساب کے نظام سے گزر کر آنا چاہیے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ کمیٹی ججز کا انتخاب کرے گی وہی کمیٹی کارکردگی کا جائزہ لے گی۔ اگر ترمیم پر مشاورت کرلیتے تو کونسی قیامت آجاتی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ دنیا کی تیز ترین ترمیم پاکستان میں ہوئی ہے۔ کیا عوام کا سب سے بڑا مسئلہ آئینی ترمیم تھی؟ عوام کو تو پتہ ہی نہیں تھا ترمیم کیا ہے۔ دو ماہ سے اسلام آباد کنٹینرز سے گھرا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا شکریہ انہوں نے بڑی خرابی سے بچا لیا۔ یقین ہے آگے مزید ترمیم آئے گی۔ ہمارا دور حکومت آج سے بہتر تھا۔ ملک کی سب سے بڑی ضرورت اصلاحات ہیں۔