راولپنڈی) توشہ خانہ 2کیس میں بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی پر فردجرم عائد نہ ہوسکی،عدالت نے عمران خان کو وکیل مقرر کرنے کیلئے آخری موقع دیدیا۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوزکے مطابق اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ 2کیس کی سماعت ہوئی،کیس کی سماعت سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی،بانی پی ٹی آئی کوکمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی ،ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کردی،پراسیکیوٹر ایف آئی اے نے کہاکہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر بشریٰ بی بی کے دستخط بھی موجود نہیں، عدالت نے بشریٰ بی بی کی حاضری استثنیٰ کی درخواست منظورکرلی اور آئندہ سماعت پر حاضر ہونے کا نوٹس جاری دیدیا۔
بانی پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس 2میں وکیل مقرر کرنے کیلئے عدالت سے وقت مانگ لیا، بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ تین ہفتے سے وکلا سے ملاقات اور مشاورت کا وقت نہیں دیا گیا، بانی پی ٹی آئی نے مشاورت کیلئے 4وکلا کے نام بھی عدالت کو دیئے،وکلا میں بیرسٹر علی ظفر، بیرسٹر گوہر، بیرسٹر سلمان اکرم راجہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کے نام شامل ہیں۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو وکلا سے مشاورت کیلئے 31اکتوبر تک وقت دیدیا،عدالت نے کہاکہ وکیل مقرر کرنے کیلئے آخری موقع دیا جارہا ہے ،آئندہ سماعت پر اگر وکیل مقرر نہ کیاگیا تو عدالت سرکاری وکیل مقرر کردے گی،عدالت نے توشہ خانہ 2کیس کی سماعت 2نومبر تک ملتوی کردی