راولپنڈی ) بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کسی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان واضح کہتے ہیں کہ ڈیل نہیں کریں گے، آج پھر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ جو ان کے ساتھ ہوا وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، دس دن انکو 6/8 کے کمرے میں کس کے ایما پر رکھا گیا، دس دن تک ان کو صرف ایک گھنٹے کیلیے باہر آنے کی اجازت تھی، 3 ہفتے اپنی فیملی اور وکلاء سے بھی ملنے کی اجازت نہ تھی، انہیں ناقص کھانا دیا جاتا رہا۔ بانی پی ٹی آئی عالمی سطح کا لیڈر ہے اس طرح کا سلوک تو سزائے موت کے قیدیوں کے ساتھ بھی نہیں ہوتا۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ وہ رول آف لاء اور حقیقی آزادی کیلئے جہاد کر رہے ہیں۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے قوم کو پیغام دیا کہ میں ملٹری کورٹس سمیت اور ظلم بھی آپ کی خاطر سہہ لوں گا مگر جھکوں گا نہیں، میرا پیغام دیا کہ اپنے حق کیلئے کھڑے ہوں کیونکہ یہی وقت ہے،انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر سپریم کورٹ جاؤں گا اور دونوں جیل سپرنٹنڈنٹس کو بھی فریق بناؤں گا۔