URDUINSIGHT.COM

بھارت نے ٹورنامنٹ کیلئے ٹیم کا اعلان کر دیا

نئی دہلی (ویب ڈیسک) کرکٹ ایسوسی اٖیشن آف دی بلائنڈ انڈیا نے رواں ماہ پاکستان میں کھیلے جانے والے چوتھے ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے 17 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا۔

نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق بی 1 کیٹیگری میں اجے کمار ریڈی، دیبراج بہیرا، نریش بھائی بلو بھائی،نیلیش یادیو، سنجے کمار شاہ، پروین کمار شرما شامل ہیں۔ بی 2 کیٹیگری میں وینکٹیشورا راؤ ڈنا، پنکج بھوئے، لوکیشا، رمبیر سنگھ اور عرفان دیوان جبکہ بی 3 کیٹیگری میں درگا راؤ ٹومپاکی، سنیل رمیش، سکھرام ماجھی، روی امیتی، دینیش بھائی چامایاڈ بھائی رتوا اور دھنگار گوپو شامل ہیں۔

کرکٹ ایسوسی اٖیشن آف دی بلائنڈ انڈیا کے چیئرمین ڈاکٹر مہانتیش نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین ہمیشہ کانٹے دار مقابلے ہوتے ہیں۔ بصارت سے محروم کھلاڑیوں کو زیادہ مواقع ملنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی بلائنڈ ٹیم تین مرتبہ ورلڈکپ جیتنے کا اعزاز رکھتی ہے اور ہم اپنی فتوحات کے سلسلے کو مزید بڑھانے کے لیے پرعزم اور چوتھی جیت کے لیے تیار ہیں۔ ڈاکٹر مہانتیش کاکہنا ہے کہ ورلڈ کپ کیلئے ہمیں وزارتِ کھیل کی جانب سے این او سی جاری ہوچکی ہے تاہم ٹیم کو وزارتِ خارجہ کی منظوری کا انتظار ہے اور ہمیں وہاں سے مثبت جواب کی توقع ہے۔

انہوں نے بتایا کہ منظوری ملنے پر 21 نومبر کو واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان جائیں گے۔

کرکٹ ایسوسی اٖیشن آف دی بلائنڈ انڈیا کے صدر بُسے گوڑا نے کہا کہ ورلڈکپ کیلئے 27 اکتوبر سے ٹریننگ کیمپ لگایا گیاتھا ،سلیکشن کمیٹی نے دستیاب بہترین کھلاڑیوں کو منتخب کیا ہے جس میں ماضی میں بھارت کی نمائندگی کرنے کا تجربہ ہے۔

واضح رہے کہ بلائنڈ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 23 نومبر سے 3 دسمبر تک پاکستان میں شیڈولڈ ہے۔

Facebook
Telegram
WhatsApp
Print

URDUINSIGHT.COM

خبروں اور حالات حاضرہ سے متعلق پاکستان کی سب سے زیادہ وزٹ کی جانے والی ویب سائٹ ہے۔ اس ویب سائٹ پر شائع شدہ تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔