واشنگٹن )امریکہ کے 46 ارکان کانگریس نے صدر جوبائیڈن کو خط لکھ دیا۔امریکی ارکان کانگریس نے خط میں پاکستان میں انسانی حقوق سےمتعلق ایوان نمائندگان کی قرارداد پراقدامات کرنےکی اپیل کی ہے اور کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی دیگرسیاسی قیدیوں کی رہائی کیلئے ہنگامی بنیاد پر وکالت کی جائے۔جیو نیوز کے مطابق خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ یواین ورکنگ گروپ کی رپورٹ کی روشنی میں بانی پی ٹی آئی اور دیگرسیاسی قیدیوں کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔
خط کے متن کے مطابق پاکستان میں2024کے ناقص الیکشن کے بعد انسانی حقوق پامال کیے گئے، پاکستان کی اہم سیاسی جماعت پی ٹی آئی کوانتخابات سے دور رکھنے کی کوشش کی گئی، مختلف حربوں کے باوجود پی ٹی آئی امیدواروں نے آزاد حیثیت میں کامیابی حاصل کی۔خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن میں خدشات سے متعلق رپورٹس کو حکومت نے شائع ہونے سے روکا، بانی سمیت دیگر رہنماؤں کو مسلسل پابند سلاسل رکھنا سب سے زیادہ تشویشناک ہے۔
پی ٹی آئی کےسوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شائع خط پر 46ارکان کانگریس کے دستخط ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھی امریکی ایوان نمائندگان کے 60 سے زائد اراکین نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا مطالبہ کرنے کیلئے امریکی صدر جو بائیڈن کو خط لکھا تھا۔