URDUINSIGHT.COM

چھوٹا پھول

 

امی سب پھول میرے چھوٹے قد کا مذاق اڑاتے ہیں، مجھے اپنے ساتھ کھیلنے نہیں دیتے.

ایک باغ میں بہت سے پودے اور درخت تھے، جن پر ہر طرح کے پھول اور پھل لگے ہوئے تھے۔وہ باغ بہت بڑا تھا۔درختوں پر پرندوں کی چہچہاٹ اور پھولوں کی خوشبو باغ کو خوبصورت بنائے ہوئے تھی۔ایک دفعہ گلاب کے بہت سے پھول کرکٹ کھیل رہے تھے کہ ایک چھوٹا سا پھول آیا اور کہنے لگا ”کیا میں آپ کے ساتھ کرکٹ کھیل سکتا ہوں“۔

اس پھول کا رنگ سب پھولوں سے تیز اور بے حد پیارا تھا لیکن اس کا قد بہت چھوٹا تھا۔اس لئے وہ سب پھولوں کے مذاق کا نشانہ بن گیا۔ایک پھول نے تو اسے دھکا بھی دے دیا اور کہا ”خبردار اگر ہمارے ساتھ کھیلنے کی کوشش کی، اتنے چھوٹے کو ہم اپنے ساتھ کبھی نہیں کھیلنے دیں گے“۔

”میں چھوٹا ہوں تو کیا ہوا، ہوں تو تم جیسا نا؟ تم بھی پھول ہو اور میں بھی پھول ہوں“۔

”خبردار اگر خود کو ہم سے ملانے کی کوشش کی، تو ایسا ہی ہے جیسے ہاتھیوں میں چیونٹی“۔یہ کہہ کر سب ہنسنے لگے، چھوٹا پھول روتا ہوا واپس آ گیا۔

ماں نے پوچھا ”بیٹا کیا ہوا، تم رو کیوں رہے ہو“؟۔

”امی سب پھول میرے چھوٹے قد کا مذاق اڑاتے ہیں، مجھے اپنے ساتھ کھیلنے نہیں دیتے“۔

یہ سن کر چھوٹے پھول کی ماں کی آنکھوں میں آنسو آ گئے، مگر وہ اسے مسکرا کر سمجھانے لگیں۔

ماں نے کہا ”بیٹا! تو کیا ہوا، دیکھو ہر چیز میں، ہر خوبی نہیں ہوتی مثلاً انسان کو دیکھو! کوئی کالا ہے تو کوئی گورا، کوئی چھوٹا ہے تو کوئی بڑا۔اسی طرح پھول بھی سب ایک جیسے نہیں ہوتے۔اب یہ دیکھو کہ تمہارا رنگ کتنا پیارا اور تیز ہے، اس طرح دوسروں کو یہ خوبی میسر نہیں۔اس طرح ان کا قد بڑا ہے تو یہ خوبی تمہیں حاصل نہیں، اس لئے بیٹا اداس مت ہوا کرو اور اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی نعمتوں کا ہر حالت میں شکر ادا کیا کرو“۔

چھوٹا پھول آنسو صاف کرتے ہوئے بولا ”لیکن امی جان یہ بات ان سب پھولوں کو کون سمجھائے“۔

”کوئی بات نہیں بیٹا! وہ جیسا کرتے ہیں کرنے دو لیکن تم کسی کے ساتھ برا مت کرنا“۔

”ٹھیک ہے امی جان، اب میں ان سب کو دوست بنانے کی کوشش کروں گا“ چھوٹے پھول نے کہا۔اس دوران سب پھول اندر داخل ہو گئے اور کہنے لگے۔”ہم نے آپ دونوں کی سب باتیں سن لی ہیں اور چھوٹے پھول کے دوست بن گئے ہیں۔

تم ہم سب کو معاف کر دو، چھوٹے پھول، ہم نے تمہارا بہت دل دکھایا ہے، ہم تم سے بہت شرمندہ ہیں اور تم سے معافی مانگ رہے ہیں“۔

ان کی باتیں سن کر چھوٹا پھول اور اس کی ماں مسکرانے لگے۔چھوٹا پھول آگے بڑھ کر سب کے گلے لگ گیا اور سب ہنسنے لگے۔اس پر وہ پھول کہنے لگا، جس نے چھوٹے پھول کو دھکا دیا تھا، ”چلو ہم کرکٹ کھیلتے ہیں“۔وہ سب دوڑ کر کرکٹ کھیلنے چلے گئے اور چاروں طرف خلوص و محبت کی خوشبو بکھر گئی۔

Facebook
Telegram
WhatsApp
Print

URDUINSIGHT.COM

خبروں اور حالات حاضرہ سے متعلق پاکستان کی سب سے زیادہ وزٹ کی جانے والی ویب سائٹ ہے۔ اس ویب سائٹ پر شائع شدہ تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔